Display4

اسلام کی بنیاد

حضرت عبداللہ بن عمر  رضی اللہ تعالیٰ عنہ نبی کریم ﷺ کا ارشاد نقل کرتے ہیں کہ اسلام کی بنیاد پانچ ستونوں پر ہے سب سے اول لا الہ الااللہ محمد رسول اللہ کی گواہی دینا یعنی اس بات کا اقرار کرنا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمدﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں اسکے بعد نماز کا قائم کرنا، زکوٰۃ ادا کرنا،حج کرنا ، رمضان المبارک کے روزے رکھنا

یہ پانچوں چیزیں ایمان کے بڑے اصول اور اہم ارکان ہیں۔ نبی اکرم ﷺ نے اس پاک حدیث میں بطور مثال کے اسلام کو ایک خیمہ کے ساتھ تشبیہ دی ہے جو پانچ ستونوں پر قائم ہوتا ہے۔

پس کلمہ شہادت خیمہ کی درمیانی لکڑی کی طرح ہے اور بقیہ چاروں ارکان بمنزلہ ان چار ستونوں کے ہیں جو چاروں کونوں پر ہوں۔ اگر درمیانی لکڑی نہ ہو تو خیمہ کھڑا ہو ہی نہیں سکتا اور اگر یہ لکڑی موجود ہو اور چاروں طرف کے کونوں میں کو ئی سی لکڑی نہ ہو تو خیمہ  توقائم ہو جائے گا لیکن جونسے کونے کی لکڑی نہیں ہو گی وہ جانب ناقص اور گری ہوئی ہوگی۔

اس پاک ارشاد کے بعد اب ہم لوگوں کو اپنی حالت پر خود ہی غور کر لینا چاہیےکہ اسلام کے اس خیمہ کو ہم نےکس درجہ تک قائم رکھا ہے اور اسلام کا کون سا رکن ایسا ہے جس کو ہم نے پورے طور پر سنبھال رکھا ہے۔ اسلام کے یہ پانچوں ارکا ن نہایت اہم ہیں حتٰی کہ اسلام کی بنیاد انہی کو قرار دیا گیا ہے اور ایک مسلمان کے لیے بحیثیت مسلمان ہونے کے ان سب کا اہتمام نہایت ٖضروری ہے مگر ایمان کے بعد سب سے اہم چیز نماز ہے۔

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے حضور ﷺ سے دریافت کیا کہ اللہ تعالیٰ شانہ کے یہاں سب سے زیا دہ محبوب عمل کونسا ہے۔ ارشاد فرمایا کہ نماز۔ میں نے عرض کیا کہ اس کے بعد کیا ہے۔ ارشاد فرمایا کہ والدین کے ساتھ حسنِ سلوک۔ میں نے عرض کیا اس کے بعد کونسا ہے ۔ارشاد فرمایا جہاد۔

ملا علی قاری ؒ فرماتے ہیں کہ اس حدیث میں علماء کے اس قول کی دلیل ہے کہ ایمان کے بعد سب سے مقدم نماز ہے۔ اس کی تائید اس حدیث صحیح سے بھی ہوتی ہے جس میں ارشاد ہے الصلوٰۃخیر موضوع یعنی بہترین عمل جو اللہ تعالیٰ نے بندوں کے لیے مقرر فرمایا وہ نماز ہے۔

اور احادیث میں کثرت سے یہ مضمون صاف اور صحیح حدیثوں میں نقل کیا گیا ہے کہ تمھارے سب اعمال میں سب سے بہتر عمل نماز ہے۔ چنانچہ جامع صغیر میں حضرت ثوبان،ابن عمرو، سلمہ، ابو امامہ، عبادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم پانچ صحابہ سے یہ حدیث نقل کی گئی ہے اور حضرت ابن مسعود اور حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہم سے اپنے وقت پر نماز کا پڑھنا افضل ترین عمل نقل کیا گیا ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post